سیمپورنا: مشرقی صباح کے حساس سرحدی علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کے دوران بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قان...
سیمپورنا: مشرقی صباح کے حساس سرحدی علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کے دوران بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ دو روزہ اس کارروائی کے دوران 28 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا جبکہ مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 165 نوٹس اور جرمانے جاری کیے گئے۔
ایسٹرن صباح سیکورٹی کمانڈ کے مطابق یہ مربوط آپریشن یکم اور 2 اپریل کو ضلع سیمپورنا میں انجام دیا گیا، جس میں مختلف سیکیورٹی اور حکومتی اداروں کے 269 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران 40 مختلف مقامات کو چیک کیا گیا، جن میں سیاحتی ریزورٹس، کاروباری مراکز، ساحلی علاقے، غیر رسمی آبادیاں اور دیہی علاقے شامل تھے۔
حکام کے مطابق محکمہ امیگریشن ملائشیا نے 38 افراد کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی، جن میں سے 28 افراد درست سفری دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے۔ ان افراد کو امیگریشن ایکٹ 1959/63 کے تحت حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ گرفتار افراد کا تعلق مختلف ممالک سے بتایا جا رہا ہے، تاہم حکام نے تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
کارروائی کے دوران لیبر قوانین کی خلاف ورزی بھی سامنے آئی، جس پر جباتن ٹیناگا کرجا نے 32 جرمانے عائد کیے۔ اسی طرح سروہنجایا سیارکات ملائیشیا نے کمپنی قوانین کی خلاف ورزی پر 9 کمپاؤنڈ جاری کیے۔ ڈیٹا پروٹیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر جباتن پرلندوگان داتا پیریبادی نے 8 نوٹس جاری کیے۔
مقامی انتظامیہ مجلس دائروہ سمپورنا نے بغیر لائسنس کاروبار اور قواعد کی خلاف ورزی پر 33 جرمانے عائد کیے، جبکہ جباتن بومبا دان پینیلمات ملائیشیا نے فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 49 نوٹس جاری کیے۔
مزید برآں، جباتن کسٹم دیراجا ملائیشیا نے بغیر اجازت شراب ضبط کی، جس کی مالیت 11,642.19 رنگٹ (ٹیکس سمیت) بتائی گئی۔ صارفین کے تحفظ اور سپلائی کنٹرول قوانین کے تحت 7 جرمانے کیے۔
جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے متعلقہ ادراے نے کارروائی کرتے ہوئے سور کا گوشت، کچھوے اور پرندے ضبط کیے جن کی مالیت 1,300 رنگٹ ہے، جبکہ حکام نے غیر قانونی ماہی گیری کے آلات ضبط کیے اور متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی۔
سوشل سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی پر 18 جرمانے جاری کیے گئے، جو ان آجروں کے خلاف تھے جنہوں نے اپنے ملازمین کو رجسٹر نہیں کیا تھا۔
ایس کام کے کمانڈر داتوک وکٹر سنجوس نے اس کارروائی کو مختلف اداروں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اور عزم کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا، “یہ آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سرحدی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم ‘کوئی دن بغیر آپریشن کے نہیں’ کے اصول کے تحت اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا تعاون بھی اس طرح کی کارروائیوں میں انتہائی اہم ہے اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔
صباح کا مشرقی علاقہ طویل عرصے سے غیر قانونی نقل و حرکت، اسمگلنگ اور سرحدی جرائم کے حوالے سے حساس رہا ہے۔ اسی وجہ سے حکومت نے یہاں خصوصی سیکیورٹی زون قائم کیا ہے تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔ حالیہ آپریشن اسی حکمت عملی کا تسلسل ہے جس کے ذریعے غیر قانونی نیٹ ورکس کو توڑنے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کے مربوط آپریشنز نہ صرف غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی میں مدد دیتے ہیں بلکہ کاروباری ضابطوں، لیبر قوانین اور سیکیورٹی معیارات پر عملدرآمد کو بھی یقینی بناتے ہیں، جس سے مجموعی طور پر معیشت اور سماجی نظام مستحکم ہوتا ہے۔

COMMENTS