عالمی سطح پر پاسپورٹس کی نئی درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق سال 2026 میں سنگاپور دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار پایا ہے۔ تازہ تر...
عالمی سطح پر پاسپورٹس کی نئی درجہ بندی جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق سال 2026 میں سنگاپور دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار پایا ہے۔ تازہ ترین ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق سنگاپور کے شہری 192 ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں، جو اسے عالمی فہرست میں پہلے نمبر پر لے آتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جہاں ان کے پاسپورٹ ہولڈرز کو 188 ممالک تک رسائی حاصل ہے۔ اسی طرح یورپی ممالک کی مضبوط موجودگی بھی اس فہرست میں نمایاں رہی، جہاں ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ تیسرے نمبر پر رہے، جن کے شہری 186 ممالک تک بغیر پیشگی ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔
چوتھے نمبر پر آسٹریا، بیلجیئم، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، آئرلینڈ، اٹلی، نیدرلینڈز اور ناروے شامل ہیں، جہاں ویزا فری رسائی 185 ممالک تک ہے۔ اس فہرست سے واضح ہوتا ہے کہ یورپی اور ایشیائی ممالک عالمی سفر کی سہولت کے لحاظ سے نمایاں پوزیشن رکھتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ درجہ بندی انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہے، جس میں دیکھا جاتا ہے کہ کسی ملک کا پاسپورٹ رکھنے والا شخص کتنے ممالک میں بغیر ویزا کے داخل ہو سکتا ہے یا ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل کر سکتا ہے۔
علاقائی سطح پر بھی اہم رجحانات سامنے آئے ہیں، جہاں خلیجی ممالک میں متحدہ عرب امارات کا پاسپورٹ اب بھی نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ مجموعی طور پر دنیا بھر میں پاسپورٹس کی طاقت کا انحصار سفری آزادی اور بین الاقوامی تعلقات پر ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق پاسپورٹ کی درجہ بندی نہ صرف سفری سہولت کو ظاہر کرتی ہے بلکہ کسی ملک کی سفارتی حیثیت، عالمی تعلقات اور اقتصادی طاقت کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ اسی وجہ سے ترقی یافتہ ممالک اس فہرست میں زیادہ بہتر پوزیشن حاصل کرتے ہیں۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کو دنیا کا ایک معتبر اشاریہ سمجھا جاتا ہے جو ماہانہ بنیادوں پر اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے، تاکہ عالمی سفر کی آزادی کی تازہ ترین صورتحال پیش کی جا سکے۔

COMMENTS