ملائیشیا کے علاقے بندر بارو سگاری میں پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران 74 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک انڈونیشین شہ...
ملائیشیا کے علاقے بندر بارو سگاری میں پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران 74 غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک انڈونیشین شہری کو مبینہ طور پر پناہ گاہ کے نگران کے طور پر کردار ادا کرنے پر حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ہفتے کے روز “اوپ تارنگ لاندائی” کے تحت عمل میں لائی گئی، جس میں ضلع منجونگ کے پولیس ہیڈکوارٹر اور میری ٹائم پولیس کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ کارروائی کا مقصد غیر قانونی تارکین وطن کے نیٹ ورک اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا تھا۔
ضلع منجونگ کے پولیس چیف اسسٹنٹ کمشنر حسب اللہ عبد الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کارروائی میں انسانی اسمگلنگ کے ایک گروہ کا سراغ لگایا گیا، جس میں انڈونیشیا اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے دو مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے جہاں غیر قانونی تارکین وطن کو رکھا گیا تھا۔ اس دوران دو انڈونیشین مردوں کو بھی گرفتار کیا گیا جو مبینہ طور پر ٹرانسپورٹر کے طور پر کام کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں 45 مرد اور 25 خواتین شامل ہیں، جبکہ دو بچے بھی حراست میں لیے گئے۔ ان افراد کی عمریں 7 سے 57 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد بغیر قانونی دستاویزات کے ملک میں مقیم تھے۔
ابتدائی تفتیش کے بعد تمام گرفتار شدگان کو ضلع پولیس ہیڈکوارٹر منجونگ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس میں شامل دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ ملائیشیا میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے نیٹ ورکس کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔
یہ کارروائی ملائیشیا میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد قانون کی عملداری کو یقینی بنانا اور انسانی اسمگلنگ کے واقعات کو روکنا ہے۔

COMMENTS