کوالالمپور: رائل ملائشیا پولیس کے مطابق ملک بھر میں پیر کے روز کیے گئے آپریشن "اوپ ہیزرڈ 3.0" کے دوران الیکٹرانک ویسٹ پروسیسنگ سے ...
کوالالمپور: رائل ملائشیا پولیس کے مطابق ملک بھر میں پیر کے روز کیے گئے آپریشن "اوپ ہیزرڈ 3.0" کے دوران الیکٹرانک ویسٹ پروسیسنگ سے متعلق 110 مقامات پر چھاپوں میں مجموعی طور پر 582 ملین رنگٹ مالیت کی ضبطی عمل میں لائی گئی۔
پولیس کے مطابق اس مشترکہ کارروائی میں محکمہ ماحولیات اور ان لینڈ ریونیو بورڈ سمیت دیگر ادارے بھی شامل تھے، جبکہ مجموعی طور پر 515 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضبط کی گئی اشیاء میں 6,378 ٹن الیکٹرانک فضلہ شامل ہے جس کی مالیت 455 ملین رنگٹ بتائی گئی۔ اس کے علاوہ 377 ٹن تیار شدہ مصنوعات (7.4 ملین رنگٹ)، 1,925 ٹن پرانا سامان (11.6 ملین رنگٹ) اور دیگر اشیاء شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت 107 ملین رنگٹ ہے۔
حکام نے بتایا کہ الیکٹرانک فضلے سے تیار کی جانے والی مصنوعات غیر قانونی طریقے سے ملک میں پراسیس کی جا رہی تھیں اور بعد ازاں انہیں بیرونِ ملک فروخت کیا جاتا تھا۔
مزید بتایا گیا کہ 110 چھاپوں میں سے 42 مقامات غیر قانونی فیکٹریاں نکلیں جہاں یہ سرگرمیاں جاری تھیں، جبکہ مجموعی طور پر 223 مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
گرفتار کیے گئے افراد کی عمریں 16 سے 70 سال کے درمیان ہیں، جن میں سے 65 مقامی شہری جبکہ باقی غیر قانونی تارکینِ وطن ہیں۔
یہ معلومات آج کوالالمپور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جاری کی گئیں۔

COMMENTS