جباتن امیگریشن ملائیشیا نے ایک بین الاقوامی جعلی ویزا نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بیان کے مطابق “ڈیوڈ لارنس” کے نام سے کام کرنے...
جباتن امیگریشن ملائیشیا نے ایک بین الاقوامی جعلی ویزا نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بیان کے مطابق “ڈیوڈ لارنس” کے نام سے کام کرنے والا یہ گروہ یورپی ممالک کے لیے جعلی ویزا تیار کر کے ہر دستاویز کے بدلے تقریباً 20 ہزار رنگٹ وصول کرتا تھا۔
حکام کے مطابق کارروائی تین ماہ کی انٹیلی جنس نگرانی کے بعد کی گئی۔ مرکزی کارروائی 10 فروری 2026 کو سنگائی بیسی، کوالالمپور میں ایک رہائش گاہ پر کی گئی جو آپریشن کا مرکز بنی ہوئی تھی۔ چھاپے کے دوران بنگلہ دیشی پاسپورٹس، جعلی مہریں، مشتبہ امیگریشن سلپس، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر آلات برآمد کیے گئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ 23 فروری 2026 کو دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہوں نے نو الزامات میں جرم تسلیم کیا۔ عدالت نے مجموعی طور پر 112 ہزار رنگٹ جرمانہ عائد کیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے پر دونوں کو 45 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ سزا مکمل ہونے کے بعد انہیں ملک بدر کر کے ہمیشہ کے لیے داخلے پر پابندی عائد کی جائے گی۔
محکمہ نے کہا کہ امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی اور دستاویزات کی جعل سازی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ عوام سے بھی کہا گیا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دیں تاکہ قومی سلامتی اور قانون کی عملداری برقرار رہے۔ بیان مرینا بنتی حبیبون، ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن (کنٹرول)، کی جانب سے جاری کیا گیا۔

COMMENTS