پیتالنگ جایا: ملائیشیا میں انڈین ریستورنٹ مالکان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر ملکی کارکنوں کے متبادل کوٹے کی منظوری جلد دی جائے، کیونکہ ...
پیتالنگ جایا: ملائیشیا میں انڈین ریستورنٹ مالکان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر ملکی کارکنوں کے متبادل کوٹے کی منظوری جلد دی جائے، کیونکہ کارکنوں کی شدید کمی کے باعث کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔
ملائشین انڈین ریسٹورنٹ آؤنر ایسوسی ایشن کے نائب صدر سی کرشنن کے مطابق تقریباً تمام ریستوران مالکان افرادی قوت کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کے بعد بھارتی ریستورانوں کیلئے نئے غیر ملکی کارکنوں کی منظوری نہیں دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی غیر ملکی کارکن واپس اپنے ملک جاتا ہے تو اس کی جگہ فوری متبادل درکار ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی درخواستوں کا عمل دیر سے شروع ہوا جبکہ جمع کرانے کی آخری تاریخ بہت جلد مقرر کر دی گئی، جس سے درخواست گزاروں کو مشکلات پیش آئیں۔
کرشنن کے مطابق مختلف وزارتوں کے درمیان پالیسی ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے، خاص طور پر غیر ملکی کارکنوں کے متبادل روزگار کوٹے کے حوالے سے واضع معلومات نہیں ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد اراکین کے تحت تقریباً 3,500 سے 4,000 بھارتی ریستوران کام کر رہے ہیں جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 10,000 مَامَک ریستوران فعال ہیں۔
ریستوران مالکان نے غیر ملکی کارکنوں کی رہائش سے متعلق مختلف مقامی کونسلز کی الگ الگ شرائط کو بھی چیلنج قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سخت قوانین پر عمل کیلئے تیار ہیں، مگر پالیسیوں کا واضح اور یکساں اطلاق ضروری ہے۔
ایک ریستوران مالک نے بتایا کہ تمام دستاویزات تیار ہونے کے باوجود درخواستیں جمع کرانے کیلئے وزارت کا پورٹل تاحال کھولا نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوٹے کی منظوری میں تاخیر اور بیوروکریسی کے باعث کاروبار چلانا مشکل ہو گیا ہے اور موجودہ عملہ اضافی اوقات کار انجام دے رہا ہے۔

COMMENTS