آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کو اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کے لیے ہوٹل کی کوئی بک...
آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کو اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں معلوم ہوا کہ ان کے لیے ہوٹل کی کوئی بکنگ موجود نہیں۔ ٹیم آسٹریلیا میں ایف آئی ایچ پرو لیگ 2026 کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے پہنچی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ٹیم کو بتایا گیا تھا کہ فور سٹار ہوٹل میں ان کی رہائش کا انتظام پہلے ہی کر دیا گیا ہے اور تمام ادائیگیاں پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مکمل کر دی گئی ہیں۔
لاہور سے تقریباً 24 گھنٹے کے سفر کے بعد جب ٹیم کینبرا پہنچی تو انہیں معلوم ہوا کہ کوئی بکنگ موجود نہیں۔ وقت کے فرق کے باعث کوچ ٹیم انتظامیہ سے فوری رابطہ نہ کر سکے اور کھلاڑی کئی گھنٹے تک سڑک پر انتظار کرتے رہے۔
بعد ازاں ہنگامی بنیادوں پر اسی ہوٹل میں رہائش کا انتظام کیا گیا، تاہم آخری وقت پر بکنگ ہونے کی وجہ سے تین کھلاڑیوں کو ایک ہی کمرے میں ٹھہرایا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سے قبل بھی ٹیم کو مالی اور انتظامی مسائل کا سامنا رہا ہے۔ ایف آئی ایچ پرو لیگ کے ابتدائی مرحلے کے دوران ارجنٹینا میں کھلاڑیوں کو یومیہ الاؤنس نہ ملنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
واقعے کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامی کارکردگی پر تنقید کی جا رہی ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے مسائل کھلاڑیوں کے حوصلے اور کارکردگی کو متاثر کر سکتے ہیں۔

COMMENTS