ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے واضح کیا ہے کہ غیر ملکیوں کو دیا جانے والا انٹری پرمٹ مقامی افراد کے مفادات کو متاثر نہیں کرتا۔ اجازت صرف ان افراد...
ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے واضح کیا ہے کہ غیر ملکیوں کو دیا جانے والا انٹری پرمٹ مقامی افراد کے مفادات کو متاثر نہیں کرتا۔ اجازت صرف ان افراد کو دی جاتی ہے جو امیگریشن قوانین کے تحت مقررہ سخت معیار پر پورا اترتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹری پرمٹ ایسے پیشہ ور افراد کو دیا جاتا ہے جن کے پاس مخصوص مہارت یا اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو اور جن کی موجودگی سے مقامی افرادی قوت پر منفی اثر نہ پڑے۔ ان کے مطابق یہ ماہرین ملکی معیشت میں کردار ادا کرتے ہیں اور مقامی افراد بھی ان کی مہارت سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔
پارلیمنٹ میں سوالات کے سیشن کے دوران بتایا گیا کہ 2013 سے 2023 کے عرصے میں زیر التوا 19,205 درخواستوں میں سے 15,081 منظور کی جا چکی ہیں جبکہ باقی درخواستیں مسترد ہوئیں جن پر اپیل کی جا سکتی ہے۔
حکام کے مطابق 2020 سے 2024 تک اپیل کے 5,628 کیسز میں سے 98 فیصد نمٹا دیے گئے ہیں۔ نئی اصلاحات کے تحت ملائیشین شہریوں کی غیر ملکی شریکِ حیات کے لیے درخواست دینے کی مدت پانچ سال سے کم کر کے تین سال کر دی گئی ہے۔
حکومت نے امیگریشن نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی کے تحت نیا مربوط نظام متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا ہے جس سے دستی عمل کم ہوگا اور شفافیت کے ساتھ خدمات کی رفتار بہتر بنائی جائے گی۔

COMMENTS