کوالالمپور: وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے اختتام تک ملائیشیا میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 26 ہزار 828 غیر ملکی پیشہ...
کوالالمپور: وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے اختتام تک ملائیشیا میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 26 ہزار 828 غیر ملکی پیشہ ور افراد ایکسپیٹریٹ ایمپلائمنٹ پاس (ای پی) کے تحت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
یہ تفصیلات ایوانِ بالا میں پیش کیے گئے تحریری جواب میں سامنے آئیں۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سب سے زیادہ ایکسپیٹریٹس کا تعلق چین سے ہے، جن کی تعداد 36 ہزار 168 ہے۔ اس کے بعد انڈیا کے 22 ہزار 267 شہری شامل ہیں۔
دیگر نمایاں ممالک میں فلپائن کے 9 ہزار 342، انڈونیشیا کے 8 ہزار 752 اور جاپان کے 8 ہزار 592 شہری شامل ہیں، جبکہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد کی مجموعی تعداد 41 ہزار 700 بتائی گئی ہے۔
شعبہ وار تقسیم کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ غیر ملکی ہنرمند افراد کی سب سے بڑی تعداد کا حامل ہے، جہاں 46 ہزار 154 ایکسپیٹریٹس کام کر رہے ہیں۔ اس کے بعد سروس سیکٹر میں 19 ہزار 959، تعمیرات میں 16 ہزار 687، مینوفیکچرنگ میں 13 ہزار 993 اور تعلیم کے شعبے میں 6 ہزار 296 غیر ملکی پیشہ ور افراد خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
ایکسپیٹریٹس سے مراد ایسے غیر ملکی ماہرین ہیں جو اعلیٰ تعلیمی قابلیت، خصوصی مہارت اور تکنیکی تجربہ رکھتے ہیں اور میزبان ملک کی معیشت میں مہارت پر مبنی خلا کو پُر کرنے کے لیے تعینات کیے جاتے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار ملائیشیا کی لیبر مارکیٹ میں ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت اور عالمی سطح پر پیشہ ور افراد کی شمولیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

COMMENTS