ملائیشیا دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک مقبول منزل ہے جہاں جدید شہر، قدرتی مناظر، پہاڑی علاقے اور جزائر سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ تا...
ملائیشیا دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے ایک مقبول منزل ہے جہاں جدید شہر، قدرتی مناظر، پہاڑی علاقے اور جزائر سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ تاہم 2026 میں ملائیشیا کا سفر کرنے سے پہلے کچھ اہم معلومات اور عملی ہدایات جاننا ضروری ہے تاکہ سفر آسان اور محفوظ رہے۔
سیاح عام طور پر ملائشیا کے بڑے شہروں جیسے کوالالمپور، پنانگ اور کوتا کینابالو کا رخ کرتے ہیں، جبکہ قدرتی حسن کے شوقین افراد جزائر اور پہاڑی علاقوں کا بھی انتخاب کرتے ہیں۔
ملائیشیا میں داخلے کے قوانین اور ضروری دستاویزات
ملائیشیا آنے والے مسافروں کے لیے سب سے پہلے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے ملک کے مطابق ویزا اور داخلے کے قوانین کی تازہ معلومات حاصل کریں۔ بہت سے ممالک کے شہریوں کو سیاحتی مقصد کے لیے 30 سے 90 دن تک ویزا فری قیام کی اجازت مل جاتی ہے جبکہ بعض ممالک کے شہریوں کو ای ویزا حاصل کرنا پڑتا ہے۔
زیادہ تر غیر ملکی مسافروں کے لیے اب ملائشیا ڈیجیٹل ارائول کارڈ بھرنا بھی ضروری ہے۔ یہ ایک آن لائن فارم ہے جسے ملائیشیا پہنچنے سے چند دن پہلے مکمل کرنا ہوتا ہے۔ اس فارم کو مکمل نہ کرنے کی صورت میں امیگریشن پر تاخیر یا دیگر مسائل پیش آ سکتے ہیں۔
مسافروں کو یہ بھی یقینی بنانا چاہیے کہ ان کا پاسپورٹ کم از کم چھ ماہ تک کارآمد ہو۔ امیگریشن حکام بعض اوقات واپسی کے ٹکٹ یا مالی وسائل کا ثبوت بھی طلب کر سکتے ہیں۔
ملائیشیا میں سفر کے ذرائع
ملائیشیا میں ایک شہر سے دوسرے شہر تک جانے کے لیے کئی مختلف ذرائع موجود ہیں۔ طویل فاصلے کے لیے اندرون ملک پروازیں سب سے تیز اور آسان طریقہ سمجھی جاتی ہیں، خاص طور پر جب مسافر جزیرہ نما ملائشیا سے بورنیو کے علاقوں صباح اور سراواک جانا چاہتے ہوں۔
ملائیشیا میں ریل کا نظام بھی موجود ہے جسے کریتاپی تاناہ ملایو (کے ٹی ایم) چلاتا ہے۔ اس کی ای ٹی ایس ٹرین سروس کے ذریعے کوالالمپور، ایپوہ، بٹرورتھ اور تھائی لینڈ کی سرحد کے قریب علاقوں تک سفر کیا جا سکتا ہے۔
بس سروس بھی بہت مقبول ہے اور مختلف نجی کمپنیاں بڑے شہروں، سیاحتی مقامات اور سرحدی علاقوں کے درمیان بسیں چلاتی ہیں۔
شہری علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ
دارالحکومت کوالالمپور میں پبلک ٹرانسپورٹ کا وسیع نظام موجود ہے جس میں ایل آر ٹی، ایم آر ٹی اور مونوریل شامل ہیں۔ یہ ٹرین لائنیں شہر کے مختلف علاقوں کو آپس میں ملاتی ہیں۔
مسافر ٹرین استعمال کرنے کے لیے ٹچ اینڈ گو کارڈ حاصل سکتے ہیں جو ٹرین، بس اور بعض ٹول سڑکوں پر بھی استعمال ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ گریب جیسی رائیڈ ہیلنگ سروسز بھی ملائیشیا کے بڑے شہروں میں بہت مقبول ہیں۔ یہ ایپ ٹیکسی یا گاڑی بک کرنے کا آسان طریقہ فراہم کرتی ہے اور اکثر سیاح اسی کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔
اخراجات، کرنسی اور ادائیگی کے طریقے
ملائیشیا کی کرنسی ملائشین رنگٹ ہے۔ بڑے شہروں میں کریڈٹ کارڈ اور ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقے عام ہیں لیکن چھوٹے شہروں، بازاروں اور اسٹریٹ فوڈ اسٹالز پر نقد رقم کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
سیاحوں کے لیے یہ بہتر ہے کہ وہ تھوڑی نقد رقم ساتھ رکھیں کیونکہ بعض مقامات پر کارڈ کی سہولت دستیاب نہیں ہوتی۔
سیکیورٹی اور صحت سے متعلق مشورے
ملائیشیا کو عمومی طور پر محفوظ سیاحتی ملک سمجھا جاتا ہے۔ تاہم بڑے شہروں میں جیب تراشی یا بیگ چھیننے جیسے چھوٹے جرائم پیش آ سکتے ہیں۔ سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ قیمتی اشیا کو نمایاں نہ رکھیں اور رات کے وقت محتاط رہیں۔
سڑک حادثات بھی ایک اہم مسئلہ ہو سکتے ہیں، اس لیے گاڑی چلانے والوں کو مقامی ٹریفک قوانین سے واقف ہونا چاہیے۔ ملائیشیا میں گاڑیاں بائیں جانب چلتی ہیں۔
صحت کے حوالے سے بڑے شہروں میں جدید اسپتال موجود ہیں۔ سیاحوں کو ٹریول انشورنس رکھنے کا مشورہ دیا جاتا ہے تاکہ ہنگامی صورت میں علاج کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔
ثقافت اور مقامی آداب
ملائیشیا ایک کثیر الثقافتی معاشرہ ہے جہاں ملائی، چینی، بھارتی اور چند دیگر کمیونٹیز آباد ہیں۔ سیاحوں کو مذہبی مقامات جیسے مساجد یا مندروں میں جاتے وقت مناسب لباس پہننے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
عام طور پر کندھے اور گھٹنے ڈھانپنے والا لباس زیادہ مناسب سمجھا جاتا ہے۔ اسی طرح عوامی مقامات پر احترام اور مقامی ثقافت کا خیال رکھنا بھی اہم ہے۔
سیاحتی مقامات کی منصوبہ بندی
زیادہ تر بین الاقوامی مسافر اپنی سیاحت کا آغاز کوالالمپور سے کرتے ہیں۔ وہاں سے وہ شمال کی جانب پینانگ اور لنگکاوی یا جنوب کی طرف میلاکا کا سفر کرتے ہیں۔
ملائیشیا کے مشرقی حصے یعنی صباح اور سراواک میں وسیع جنگلات، نیشنل پارکس اور وائلڈ لائف سیاحت کے بڑے مراکز ہیں۔ ان علاقوں تک پہنچنے کے لیے عام طور پر ہوائی سفر کرنا پڑتا ہے۔
سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے سفر کی منصوبہ بندی موسم اور علاقے کے مطابق کریں کیونکہ بعض جزائر میں مون سون کے دوران سیاحتی سرگرمیاں محدود ہو سکتی ہیں۔

COMMENTS