ملائیشیا کی حکومت نے رمضان اور عیدالفطر کے موقع پر عوام کا مالی بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم انور ابراہیم کے...
ملائیشیا کی حکومت نے رمضان اور عیدالفطر کے موقع پر عوام کا مالی بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم انور ابراہیم کے مطابق یہ فیصلے عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال اور بڑھتی مہنگائی کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے اہم اقدامات میں ٹول فیس میں 50 فیصد رعایت، مالی امداد، اور ضروری اشیاء کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی اسکیم شامل ہے۔ حکام کے مطابق فیسٹیو سیزن میکسیمم پرائس اسکیم 14 مارچ سے 28 مارچ 2026 تک نافذ کی گئی ہے تاکہ عوام کو مناسب قیمتوں پر اشیاء دستیاب ہوں۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ سُمبنگن تونائی رحمہ (ایس ٹی آر) فیز 2 کی ادائیگی 10 مارچ کو پہلے ہی کر دی گئی، جس سے 5.2 ملین افراد مستفید ہوئے۔ اس پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 1.3 ارب رنگٹ مختص کیے گئے۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین، پنشنرز، اور سابق فوجیوں کو خصوصی مالی امداد بھی دی گئی، جس میں 70 ہزار سے زائد مذہبی عملہ جیسے امام، مؤذن اور اساتذہ شامل ہیں۔
حکومت نے طلبہ کے لیے خصوصی پروگرام کے تحت فلائٹ ٹکٹ پر 400 رنگٹ سبسڈی بھی فراہم کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ رمضان کے دوران تقریباً 1900 رحمت سیلز پروگرامز منعقد کیے گئے تاکہ اشیائے ضروریہ سستی قیمت پر دستیاب رہیں۔
ایک اور اہم اقدام کے تحت سبسڈی والے کوکنگ آئل کی فروخت غیر ملکیوں کے لیے ممنوع قرار دی گئی ہے تاکہ اس کا فائدہ صرف مقامی شہریوں کو حاصل ہو سکے۔
حکومت نے عید کے موقع پر گھروں کو سفر کرنے والے افراد کے لیے بھی بڑا ریلیف دیا ہے۔ اس کے تحت 18 مارچ کی رات 12:01 بجے سے 19 مارچ کی رات 11:59 بجے تک تمام ہائی ویز پر کلاس 1 پرائیویٹ گاڑیوں کے لیے 50 فیصد ٹول رعایت دی گئی ہے۔
اس اقدام کے لیے حکومت کو تقریباً 21.03 ملین رنگٹ خرچ کرنا ہوں گے جو ٹول کمپنیوں کو بطور معاوضہ دیے جائیں گے۔
مزید برآں، حکومت نے دیوالیہ افراد کے لیے بھی ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ اس کے تحت تقریباً 4,000 افراد، خاص طور پر سنگل پیرنٹس، کو فاسٹ ٹریک بنیاد پر دیوالیہ پن سے نجات دی جائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تمام اقدامات حکومت کی فلاحی پالیسیوں اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے عوام کو عید کے دوران محتاط خرچ کرنے اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے آخر میں تمام شہریوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سب لوگ خوشیوں کے اس موقع پر ذمہ داری کے ساتھ جشن منائیں۔

COMMENTS