کوالالمپور: ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خطے میں ام...
کوالالمپور: ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے مغربی ایشیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے عیدالفطر کے موقع پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے اس پیش رفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور مستقل امن کے لیے اقدامات جاری رکھیں۔
انور ابراہیم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا تبادلہ بھی کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا ایشیا مغرب میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، خصوصاً ایران سے متعلق صورتحال پر تشویش رکھتا ہے اور فوری طور پر کشیدگی کم کرنے، مذاکرات اور سفارتی حل کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
اس سے قبل انور ابراہیم نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ٹیلیفون پر بات کی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری تنازعات پر تشویش کا اظہار کیا اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ملائیشیا اور بھارت کو عالمی فورمز جیسے اقوام متحدہ اور برکس میں امن کے لیے مشترکہ آواز بلند کرنی چاہیے۔
دوسری جانب شہباز شریف نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے انور ابراہیم کے ساتھ ایران اور خلیجی خطے کی صورتحال پر بات کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی کو کم کرنا اور مذاکرات کے ذریعے امن کو فروغ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک مستقبل میں بھی قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

COMMENTS