ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں میں شہادت کے بعد جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے کئی ممالک نے کشیدگی کم ...
ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی امریکہ اور اسرائیل کے فضائی حملوں میں شہادت کے بعد جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے کئی ممالک نے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی اپیل کی ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی اور فوری جنگ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال پورے مشرقِ وسطیٰ کو بڑے بحران کے دہانے پر لے جا سکتی ہے۔ انہوں نے امریکہ اور ایران سے سفارتی حل تلاش کرنے کی اپیل بھی کی اور خطے میں موجود ملائیشین شہریوں کی سلامتی پر توجہ دینے کی بات کی۔
پاکستان میں حملے کے خلاف احتجاج ہوا۔ کراچی میں مظاہرین امریکی قونصل خانے کے باہر جمع ہوئے جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ حکام نے تمام فریقوں سے تحمل اختیار کرنے اور خطے کے امن کو نقصان نہ پہنچانے کی اپیل کی۔
بنگلہ دیش، انڈونیشیا، سنگاپور، تھائی لینڈ اور فلپائن سمیت کئی ممالک نے بھی کشیدگی کم کرنے، مذاکرات جاری رکھنے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کو ترجیح دینے کا اعلان کیا۔ بعض حکومتوں نے ممکنہ انخلا کی تیاریاں شروع کر دیں جبکہ خطے میں معاشی اثرات کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے۔
متعدد ممالک نے زور دیا کہ تنازعات کا حل صرف بات چیت، بین الاقوامی قانون کے احترام اور پرامن طریقوں سے ہی ممکن ہے۔

COMMENTS