ملائیشیا کی ریاست جوہر کے ضلع کوتا تنگی میں ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گیا جبکہ دو دیگر افراد شدید زخمی ...
ملائیشیا کی ریاست جوہر کے ضلع کوتا تنگی میں ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری جان کی بازی ہار گیا جبکہ دو دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ جالن کوالا سیدیلی-تینگروہ سیلاتن پر اس وقت پیش آیا جب ایک پروٹون ویرا کار بے قابو ہو کر سڑک سے اتر گئی اور الٹ گئی۔ اس واقعے میں گاڑی کا ڈرائیور موقع پر شدید زخمی ہوا اور بعد ازاں طبی امداد کے دوران دم توڑ گیا۔
ضلع پولیس سربراہ یوسف عثمان نے بتایا کہ حادثہ شام تقریباً 7 بج کر 5 منٹ پر پیش آیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 42 سالہ یعقوب خان کے نام سے ہوئی ہے جو پاکستانی شہری تھا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر تنجونگ سیدیلی مرکز صحت منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس نے بتایا کہ متوفی کی لاش کو مزید کارروائی کے لیے کوتا تنگی ہسپتال کے فرانزک یونٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے میں گاڑی میں سوار دو دیگر پاکستانی شہری، جن کی عمریں 25 اور 31 سال بتائی گئی ہیں، شدید زخمی ہوئے ہیں۔ دونوں کو علاج کے لیے اسی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت زیر نگرانی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات روڈ ٹرانسپورٹ ایکٹ 1987 کی دفعہ 41 کے تحت کی جا رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر اس قانون کے تحت کسی کو قصوروار قرار دیا جاتا ہے تو اسے پانچ سے دس سال تک قید، 20 ہزار سے 50 ہزار رنگٹ تک جرمانہ اور ڈرائیونگ لائسنس معطل ہونے جیسی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس حادثے سے متعلق معلومات ہوں تو وہ متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔

COMMENTS