پوتراجایا: ملائیشیا کے محکمہ امیگریشن نے یکم جون سے متوقع نئے ملائیشین انٹرنیشنل پاسپورٹ کے اجرا کو مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امیگریشن ڈ...
پوتراجایا: ملائیشیا کے محکمہ امیگریشن نے یکم جون سے متوقع نئے ملائیشین انٹرنیشنل پاسپورٹ کے اجرا کو مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امیگریشن ڈائریکٹر جنرل داتوک ذکریا شعبان کے مطابق نئی تاریخ بعد میں باضابطہ طور پر جاری کی جائے گی۔
محکمہ امیگریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاسپورٹ اجرا کے عمل کو مؤخر کرنے کا مقصد عوام کو بہترین سروس فراہم کرنا اور نظام کی ہموار کارکردگی کو یقینی بنانا ہے۔ حکام کے مطابق موجودہ پاسپورٹ حسبِ معمول قابلِ استعمال رہیں گے اور شہری معمول کے مطابق اپنے پاسپورٹ کی تجدید بھی کرا سکتے ہیں۔
داتوک ذکریا شعبان نے کہا کہ: “عوام اپنے موجودہ پاسپورٹ استعمال کرتے رہیں، جو پاسپورٹ مؤثر ہیں وہ ان کی معیاد ختم ہونے تک کارآمد رہیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ نئے پاسپورٹ کے نفاذ سے متعلق آئندہ تمام معلومات ملائیشین امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے سرکاری پلیٹ فارمز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق نئے پاسپورٹ میں 94 جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن کا مقصد دستاویزات کی جعلسازی روکنا اور قومی سفری دستاویزات کو مزید محفوظ بنانا ہے۔ یہ اقدام عالمی معیار کے مطابق پاسپورٹ سیکیورٹی مضبوط بنانے کے لیے کیا جا رہا تھا۔
محکمہ امیگریشن نے عوام کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ مستقبل میں بھی سفری دستاویزات کی سیکیورٹی بہتر بنانے اور عوامی خدمات کے معیار کو بلند رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
ملائیشیا میں حالیہ عرصے کے دوران جعلی امیگریشن اسٹیمپس، غیر قانونی سفری سرگرمیوں اور آن لائن فراڈ جیسے معاملات سامنے آنے کے بعد سفری دستاویزات کی سیکیورٹی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہو چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق نئے پاسپورٹ کی تاخیر ممکنہ طور پر تکنیکی جانچ اور نظامی اپ گریڈ کے باعث کی گئی ہے تاکہ اجرا کے بعد عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی غیر مصدقہ خبر یا سوشل میڈیا افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

COMMENTS