سپانگ: ملائیشیا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے (کے ایل آئی اے) پر غیر قانونی ٹیکسی سروس فراہم کرنے والے ایک مبینہ "اُلات" (غیر مجاز ...
سپانگ: ملائیشیا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے (کے ایل آئی اے) پر غیر قانونی ٹیکسی سروس فراہم کرنے والے ایک مبینہ "اُلات" (غیر مجاز ٹرانسپورٹ آپریٹر) کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران اس کی گاڑی بھی ضبط کر لی گئی جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
سلانگور روڈ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ (جے پی جے) کے نائب ڈائریکر داتوک احمد کمرنزمان مہات نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے ایل آئی اے انفورسمنٹ اسٹیشن کی جانب سے مسلسل نگرانی، خفیہ معلومات اور انٹیلی جنس سرگرمیوں کے نتیجے میں عمل میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ نفاذِ قانون کی کارروائی کے دوران ایک پروٹون ساگا گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لیا گیا جبکہ اس کی گاڑی کو مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات کے لیے ضبط کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے کے ایل آئی اے ٹرمینل 1 پر موجود تین پاکستانی مسافروں کو اپنی غیر قانونی ٹرانسپورٹ سروس استعمال کرنے کے لیے قائل کرنے اور ترغیب دینے کی کوشش کی۔ اس نے کے ایل آئی اے سے ٹرمینل برسپادو سلاتن (ٹی بی ایس) کوالالمپور تک سفر کے لیے 60 رنگٹ کرایہ طلب کیا تھا، جس کی ادائیگی منزل پر پہنچنے کے بعد طے کی گئی تھی۔
داتوک احمد کمرنزمان کے مطابق یہ عمل پبلک ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس جرم میں ملوث افراد کے خلاف لینڈ پبلک ٹرانسپورٹ ایکٹ 2010 (اے پی اے ڈی 2010) کی دفعہ 205(1) کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے، جس کے تحت 50 ہزار رنگٹ تک جرمانہ، پانچ سال تک قید یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد ایسے غیر قانونی کاروبار میں معاونت یا شراکت دار بنتے ہیں، ان کے خلاف بھی اسی قانون کی دفعہ 243(1) کے تحت مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے۔
جے پی جے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف قانونی اور رجسٹرڈ ٹرانسپورٹ خدمات استعمال کریں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کے ایل آئی اے ٹرمینل 1 اور ٹرمینل 2 میں موجود سرکاری ٹرانسپورٹ کاؤنٹرز سے خدمات حاصل کریں یا منظور شدہ ای-ہیلنگ ایپلی کیشنز کے ذریعے گاڑی بک کریں۔
محکمے نے عوام سے اپیل کی کہ اگر انہیں کسی غیر قانونی ٹرانسپورٹ سروس یا ٹریفک سے متعلق شکایت کا سامنا ہو تو وہ
aduantrafik@jpj.gov.my
یا
e-Aduan@JPJ
پلیٹ فارم کے ذریعے تفصیلات فراہم کر کے رپورٹ درج کرا سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق کے ایل آئی اے اور دیگر اہم ٹرانسپورٹ مراکز پر غیر قانونی ٹیکسی اور ٹرانسپورٹ آپریٹرز کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی تاکہ مسافروں کی حفاظت اور قانونی ٹرانسپورٹ نظام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

COMMENTS